خواتین کو معاشی مواقع کی فراہمی کے بغیر تیز رفتار معاشی ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا‘چوہدری شافع حسین

لاہور (این این آئی)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے صدر ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری گجرات صائمہ سرفراز کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔پیسک ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں خواتین کو معاشی مواقع کی فراہمی کے امور پر بات چیت ہوئی۔صوبائی وزیر نے ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کو تمام جائز مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خواتین کو معاشی مواقع کی فراہمی کے بغیر تیز رفتار معاشی ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گزشتہ 2 سالوں کے دوران خواتین کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں،وزیر اعلیٰ آسان کاروبار فنانس سکیم سے خواتین بھی مستفید ہو رہی ہیں۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن ویمن بزنس انکو بیشن سینٹر کی گریجو ایٹس کیلئے بلاسود قرض کی نئی سکیم لارہی ہے،دستکاروں کیلئے بھی بلاسود قرض سکیم متعارف کرائی جارہی ہے،یہ دونوں سکیمیں آئندہ 2 ماہ تک شروع ہو جائیں گی اور ان سکیموں کے تحت 5 لاکھ روپے تک کابلا سود قرض ملے گا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ گجرات میں بزنس فسیلیٹیشن سینٹر بن رہا ہے یہاں ویمن بزنس انکو بیشن سینٹر بھی بنے گا۔گجرات انڈسٹریل اسٹیٹ کے دوسرے فلور پر خواتین سرمایہ کاروں کی تربیت کیلئے ویمن بزنس انکو بیشن سینٹر بنایاجائے گا۔خواتین سرمایہ کاروں کو تربیت کی فراہمی کے بعد کاروباری سرگرمیوں کیلئے بلاسود قرض بھی دیا جائے گا۔ویمن چیمبر گجرات کے آفس کیلئے مناسب جگہ بھی فراہم کی جائے گی۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پنجاب بھر کی سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری کا بڑا پروگرام شروع کیا گیا ہے۔گجرات کی انڈسٹریل اسٹیٹ کا صنعتی انفراسٹرکچر بھی بہتر بنایا جائے گا،گجرات میں اسی سال نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بھی بنے گی،نئی انڈسٹریل اسٹیٹ میں خواتین سرمایہ کاروں کیلئے علیحدہ بلاک مختص کیا جائے گا،گجرات میں تھانوں اور پارکوں کو اپ گریڈ کیا گیا ہے،یہاں پہلی عالمی معیار کی سرامکس لیب بھی بنائی جارہی ہے۔20 ارب روپے کی لاگت سے شہر میں جدید سیوریج سسٹم پر کام اسی سال شروع ہوگا۔وزیرصنعت و تجارت پنجاب نے کہاکہ شہر میں ٹریفک لائٹس کا نیا نظام لانے کیلئے اڑھائی کروڑ روپے کے فنڈز منظور ہوچکے ہیں، شہر میں ضرورت کے مطابق ٹریفک لائٹس لگیں گی۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ موجودہ حکومت نے سروس موڑ بریج میں توسیع کی منظوری دی،نگران حکومت سے پہلے والی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کے نام پر اپنی جیبیں بھریں،ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کی بجائے کمیشن کھاتے رہے۔موجودہ حکومت ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور شفاف تکمیل یقینی بنا رہی ہے۔پنجاب میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے نئی صنعتی پالیسی بھی لائی جارہی ہے۔وفد نے سرمایہ کاروں کو معاشی مواقع کی فراہمی کے لئے بہترین اقدامات پر،چوہدری شافع حسین کاشکریہ ادا کیا۔صدر ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری گجرات صائمہ سرفرازنے کہاکہ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے چوہدری شجاعت حسین کے صنعتکار دوست اقدامات کی روایت کو برقرار رکھا ہے۔صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے ہمارے مطالبات مان کر ہماری امیدوں کو پورا کیاہے۔ایم ڈی پیسک مبین الہٰی،پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ڈائریکٹرز اور متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں