پہلے مرحلے میں سبی کے 500 سیلاب متاثرہ خاندانوں کیلئے فنڈز موصول

سبی(این این آئی)صوبائی وزیر صنعت و حرفت و رکن صوبائی اسمبلی سبی سردار کوہیار خان ڈومکی سے ترقی فاؤنڈیشن کے عہدیداروں نے ایک اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ترقی فاؤنڈیشن کے عہدیداروں نے صوبائی وزیر کو جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر میر افتخار احمد بنگلزئی نے سردار کوہیار خان ڈومکی کو آگاہ کیا کہ پہلے مرحلے میں ضلع سبی کے 500 سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے فنڈز موصول ہو چکے ہیں، جن میں سے اب تک تقریباً 300 خاندان مالی معاونت حاصل کر چکے ہیں اور انہوں نے اپنے کمروں کی تعمیر کا کام شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے فیز کا کام کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔مزید بریفنگ میں بتایا گیا کہ متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت چار اقساط میں فراہم کی جا رہی ہے، جس کے تحت ہر مرحلے پر ایک ایک لاکھ روپے کی قسط ادا کی جا رہی ہے۔اس موقع پر ترقی فاؤنڈیشن کے صوبائی پروگرام مینیجر محمد رفیق کرد، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر سبی میر افتخار احمد بنگلزئی، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر کچھی رحم دل خان مری اور انجینئر امتیاز احمد مستوئی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران ترقی فاؤنڈیشن کے عہدیداروں نے صوبائی وزیر کو ہاؤس ریکنسٹرکشن یونٹ (HRU) منصوبوں کی مکمل تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر سردار کوہیار خان ڈومکی نے ترقی فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے منصوبوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایات جاری کیں اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے جاری اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں