کوئٹہ(این این آئی) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے یوم کشمیر کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دنیا کے ہر فورم پر اپنے کشمیریوں بھائیوں کے جائز موقف کی نہ صرف حمایت کی ہے بلکہ انکے ساتھ بھارت کی جانب سے ہونے والے ظلم وزیادتی کو عالمی سطح پر اْجاگر بھی کرتا آ رہا ہے اور پاکستان کی یہ اخلاقی اور سفارتی حمایت اس وقت تک اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو حاصل رہیگی جب تک ان کو حق خودارادیت نہیں دیا جاتا. آج کشمیر ڈے منانے کا مقصد بھی اپنے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔ مسئلہ کشمیر سے متعلق پاکستان کا شروع سے یہی موقف رہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دیا جائے تاکہ وہ اپنی قسمت کا فیصلہ خود کرسکیں لہذا ضروری ہے کہ عالمی برادری کی توجہ کشمیر کے مسئلہ کی طرف مبذول کرائی جائے اور عالمی رائے کو انکے حق میں استوار کیا جائے. بلوچستان کے غیور عوام مشکل کی ہر گھڑی میں اپنے کشمیریوں بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

