کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنی آزادی اور حق خودارادیت کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، سردار زادہ فیصل خان جمالی

اوستہ محمد (این این آئی) کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے صوبہ بھر کی طرح ضلع استا محمد میں بھی ایک بھرپور اور منظم یکجہتی ریلی نکالی گئی، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا ریلی کی قیادت صوبائی وزیر برائے لائیو اسٹاک سردار زادہ فیصل خان جمالی نے کی جبکہ ریلی میں ڈپٹی کمشنر استا محمد محمد رمضان پلال، مئیر استا محمد میر مظفر خان نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حق میں نعرے درج تھے جبکہ شرکاء نے بھارت کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف پْرجوش نعرے بازی کی فضا کشمیری عوام سے یکجہتی اور آزادی کے حق میں نعروں سے گونجتی رہی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے لائیو اسٹاک سردار زادہ فیصل خان جمالی نے کشمیری عوام کی طویل جدوجہد، لازوال قربانیوں اور استقامت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنی آزادی اور حقِ خودارادیت کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، جنہیں تاریخ کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ظلم، جبر اور تشدد کے باوجود کشمیری عوام کا حوصلہ آج بھی بلند ہے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کے ساتھ ہر محاذ پر کھڑی ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت ماضی کی طرح آئندہ بھی پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رکھے گا سردار زادہ فیصل خان جمالی نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا جائز اور بنیادی حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں ریلی پْرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس کے اختتام پر شرکاء نے کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی تک ان کی آواز ہر فورم پر بلند کی جاتی رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں