کوئٹہ(این این آئی)صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ زہری سے بلوچستان کے سیاسی و قبائلی شخصیات اور پارٹی رہنماؤں نے اہم ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران موجودہ سیاسی صورتحال، عوامی مسائل اور صوبے میں ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا کہ بلوچستان کو ترقی کے سفر سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی ان آزمائشوں کا مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی حوصلے کے ساتھ مقابلہ کریں گے لیکن اپنے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں بسنے والی تمام اقوام کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، جس کے لیے بلوچستان حکومت مؤثر اور خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے اس موقع پر سیاسی و قبائلی رہنماؤں نے ملاقات کے دوران صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری کو اپنے علاقائی مسائل سے آگاہ کیا ملاقات کے موقع پر ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار حاجی صلاح الدین زہری، عبداللہ زہری، رسول بخش کوسہ اور میر شعیب زہری بھی موجود تھے۔

