کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ بلوچستان یہاں آباد تمام اقوام کا مشترکہ گھر ہے بعض پشتون اوربلوچ قوم پرست سیاسی جماعتوں کے رہنما بے بنیادبیانات دیکر عوام میں نفرتیں پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں،بلوچستان امن جرگہ نے ہمیشہ امن اور بھائی چارے کی فضاء قائم کرنے کیلئے اپنا کردارادا کیا ہے کسی کو عوام کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کی اجازت نہیں دیگا۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ بلوچستان بلوچ،پشتون، ہزارہ،سیٹلرز اوردیگر آباد اقوام کا مشترکہ گھر ہے جوصدیوں سے بھائیوں کی طرح صوبے میں رہ رہے ہیں اور قبائل کی آپس میں رشتہ داریاں ہیں لیکن بعض قوم پرست جماعتوں کے رہنما بے بنیاد بیانات دیکر عوام میں نفرتیں پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس کو کسی بھی طرح صوبے اور ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض شخصیات اپنے ذاتی سیاسی مفادات کیلئے عوام میں نفرتیں پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں جس کی بلوچستان امن جرگہ کسی بھی صورت اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہم سب کا مشترکہ گھر ہے جس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے جس کیلئے ہمیں ملکراپنا کردارادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگے نے ہمیشہ صوبے کے نفرتوں کے خاتمے، امن اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے اپنا کرداراد اکیا ہے اورآئندہ بھی کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں آباد قبائل کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں اورنفرتیں پیدا کرنے والوں کا محاسبہ کریں۔

