چھتر (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سینئر صوبائی رہنما میر جعفر کریم خان بھنگر نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی ریاستی جبر، ظلم اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا سامنا کر رہے ہیں، مگر اس کے باوجود ان کی جدوجہدِ آزادی آج بھی پوری دنیا کے لیے ایک مثال ہے انہوں نے کہا کہ 5 فروری کا دن پاکستانی قوم کے اس غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے کہ وہ مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گی۔ اقوامِ متحدہ کی قراردادیں آج بھی کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دینے کی واضح ضمانت فراہم کرتی ہیں، تاہم عالمی برادری کی خاموشی خطے میں بدامنی کو ہوا دے رہی ہے میر جعفر کریم خان بھنگر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے شہری آبادی پر کرفیو، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی قوانین اور انسانی اقدار کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو ان مظالم پر جوابدہ بنائیں اور کشمیری عوام کو انصاف فراہم کرنے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی جائز جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا رہے گا اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی اور امن کی فضا میں سانس لے سکیں گے۔ آخر میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیریوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔

