اوستہ محمد ( عابدعلی) صوبائی وزیر ایریگیشن بلوچستان اور پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن میر محمد صادق عمرانی نے یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اور اس کے عوام مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی جدوجہدِ آزادی کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت گزشتہ کئی دہائیوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے اور بے گناہ کشمیری عوام پر بدترین ظلم و جبر روا رکھے ہوئے ہے، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، مگر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔
صوبائی وزیر ایریگیش میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ کشمیری عوام اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حقِ خودارادیت کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کی آواز کو دبانے میں ناکام رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی ہر فورم پر ان کے جائز حق کی حمایت جاری رکھے گی۔ یومِ یکجہتیٔ کشمیر اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ کشمیری عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔صوبائی وزیر ایریگیش میر محمد صادق عمرانی نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزادی کی نعمت سے سرفراز ہوگا۔ میر محمد صادق عمرانی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق دلانے کے لیے عملی کردار ادا کرے۔

