لورالائی (این این آئی) میختر پولیس نے مختلف مقدمات میں مطلوب ایک اشتہاری ملزم سمیت تین مفرور ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیاں انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر خان کی ہدایات کی روشنی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری آپریشن کے تحت عمل میں لائی گئیں۔پولیس کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس لورالائی رینج جنید احمد شیخ کے احکامات اور ایس ایس پی لورالائی ملک محمد اصغر عثمان کی ہدایات پر ایس ڈی پی او کریم مندوخیل کی نگرانی میں ایس ایچ او پولیس اسٹیشن میختر سردار عبدالحلیم کی قیادت میں کارروائیاں کی گئیں، جن کے نتیجے میں مطلوب ملزمان گرفتار ہوئے۔گرفتار ہونے والوں میں لشکر خان ولد عطا محمد قوم حمزہ زئی ساکن میختر شامل ہے جو مقدمہ فرد نمبر 21/15 بجرم 302، 147، 148 اور 149 میں مطلوب اشتہاری ملزم تھا۔ اسی طرح حکیم ولد دولت خان اور قیمت خان ولد گانان قوم حمزہ زئی ساکن میختر کو بھی مختلف مقدمات میں مفرور ہونے پر گرفتار کیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

