کوئٹہ(این این آئی)بیوٹمز ایسوسی ایشن (BSA) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بلوچستان گرینڈ الائنس کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملازمین کے جائز مطالبات کے حصول کیلئے اس طویل جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اسکے علاؤہ بیان میں تمام سیاسی جماعتوں کے اس مثبت اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہتی ہے جنہوں نے بلوچستان گرینڈ الائنس اور حکومت کے درمیان مفاہمت میں قائدانہ کردار ادا کیا۔ ان کوششوں کے نتیجے میں سینکڑوں گرفتار ملازمین کی رہائی ممکن ہوئی، جو ایک خوش آئند اور قابلِ تحسین پیش رفت ہے۔بی ایس اے اس امر پر زور دیتی ہے کہ سرکاری ملازمین ریاستی مشینری کا بنیادی ستون ہوتے ہیں۔ لہٰذا حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ صوبے کے وسیع تر مفاد میں ملازمین کو اعتماد میں لے، ان کے جائز مطالبات کو تسلیم کرے اور مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ و عملی اقدامات اٹھائے۔ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ پالیسی سازی ہمیشہ افہام و تفہیم، مذاکرات اور پْرامن طریقہ کار پر مبنی ہونی چاہیے۔ طاقت کے استعمال، گرفتاریوں اور دباؤ کے ہتھکنڈے مسائل کا حل نہیں بلکہ مزید پیچیدگیوں کو جنم دیتے ہیں۔ بی ایس اے امید کرتی ہے کہ مستقبل میں حکومت مفاہمت، مکالمے اور انصاف پر مبنی حکمتِ عملی اختیار کرے گی, اور مسائل کا جلد از جلد حل نکالے گی۔

