اوستا محمد( عابدعلی)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سابق صدر اور سابق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی میر چنگیز خان جمالی نے اوستا محمد پریس کلب (رجسٹرڈ) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نو منتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میر چنگیز خان جمالی نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے جوان ہمارے ہیرو ہیں، جن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک کی سلامتی کو یقینی بنایا۔
میر چنگیز خان جمالی نے صوبائی حکومت بالخصوص وزیراعلیٰ بلوچستان کی جرات مندانہ قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہے ہیں، جو قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف سخت اقدامات کر رہی ہے اور ان شاء اللہ اپنے مقاصد میں کامیاب ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام امن پسند ہیں اور دہشت گرد عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ صوبے میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ جبکہ اس موقع پاکستان پیپلزپارٹی یوتھ آرگنائزیشن کے صوبائی جنرل سیکریٹری شان ثاقب ابڑو بھی موجود تھے

