پہیہ جام ہڑتال کسی مسئلے کا حل نہیں،حکومت، سیاسی جماعتوں کو ہڑتالوں کی بجائے مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا چاہئے،لالہ یوسف خلجی

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ شٹرڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے حکومت اورسیاسی جماعتوں کو ہڑتالوں کی بجائے مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا چاہئے کیونکہ ہڑتال سے غریب اور دیہاڑی دار مزدور براہ راست متاثر ہوتے ہیں یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں عوام کی خدمت کی بجائے اپنے ذاتی مفادات کے حصول میں لگی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے عوام کا سیاسی جماعتوں سے اعتماداٹھ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے آج شٹرڈاون اور پہیہ جام ہڑتال کی کال کسی بھی طرح درست اقدام نہیں ہے اس سے لاکھوں کی تعداد میں ریڑھی بان، مزدور اور روزانہ کی بنیاد پر دیہاڑی کرنے والے افراد براہ راست متاثر ہونگے اورانکے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اورسیاسی جماعتیں عوام کی خدمت اورانکے مسائل حل کرنے کی بجائے اپنے ذاتی مفادات کے حصول میں لگے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں اورسیاسی جماعتوں نے اپنا رویہ تبدیل نہیں کیا تو وہ دن دور نہیں جب سیشے کے محلوں میں بیٹھے ہوئے حکمران اورسیاسی جماعتوں کے قائدین بھی عوام کے غیض و غضب سے محفوظ نہیں رہیں گے اب بھی وقت ہے کہ حکمران اورسیاسی جماعتیں ہوش کے ناخن لیں اورعوام کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں