حب (رپورٹر) نیشنل پارٹی حب کا تحصیل کونسل اجلاس زیر صدارت تحصیل صدر عابد ملازئی منعقد ہوا۔ اجلاس کے مہمانِ خاص ضلعی صدر عبدالغنی رند جبکہ اعزازی مہمانوں میں ضلعی رابطہ سیکریٹری جان محمد پلال اور سابق صوبائی ورکنگ کمیٹی کے رکن اسد غنی بلوچ شامل تھے۔ اجلاس میں تنظیمی امور، موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر عبدالغنی رند، تحصیل صدر عابد ملازئی، سابق صوبائی ورکنگ کمیٹی کے رکن اسد غنی بلوچ اور ضلعی رابطہ سیکریٹری جان محمد پلال نے کہا کہ نیشنل پارٹی بطور ایک ذمہ دار، جمہوری اور عوام دوست سیاسی جماعت عوام کے بنیادی حقوق، وسائل پر اختیار اور قومی تشخص کے تحفظ کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔ نیشنل پارٹی کا مؤقف ہے کہ پاکستان میں آباد تمام اقوام کو ان کے قدرتی وسائل پر مکمل اختیار دیے بغیر نہ سیاسی استحکام ممکن ہے اور نہ ہی معاشی ترقی۔
انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط وفاقی پارلیمانی ویلفیئر ریاست ہی ملک کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کی ضامن ہو سکتی ہے، مگر بدقسمتی سے ملک کو منظم انداز میں ڈی پولٹیسائزیشن کی جانب دھکیلا جا رہا ہے، جہاں سیاسی سرگرمیوں کو محدود کر کے سیاست کو شجرِ ممنوعہ بنا دیا گیا ہے، جو جمہوریت کے لیے ایک خطرناک رجحان ہے۔
مقررین نے مزید کہا کہ نیشنل پارٹی ہر قسم کی آمرانہ سوچ، جبر اور غیر جمہوری اقدامات کی مخالفت کرتی رہے گی اور عوام کو شعور، تنظیم اور جدوجہد کے ذریعے اپنے حقوق کے لیے متحد کرے گی۔ نیشنل پارٹی ہی وہ واحد قوت ہے جو مظلوم اقوام کی آواز بن کر حقیقی جمہوری اور ترقی پسند نظام کے قیام کی جدوجہد کر رہی ہے۔ اجلاس کی نظامت کے فرائض تحصیل جنرل سیکریٹری ثناء اللہ مینگل نے انجام دیے، جبکہ اس موقع پر تحصیل رابطہ سیکریٹری میران مگسی، نیاز رند اور حب علی رند نے بھی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیمی امور، عوامی مسائل اور پارٹی کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے اپنی آراء اور تجاویز پیش کیں۔

