کوئٹہ،دیال باغ اور مسجد عثمان غنی گلی اور گردونواح میں گزشتہ60گھنٹوں سے بجلی غائب

کوئٹہ(این این آئی)کوئٹہ کے علاقے دیال باغ اور مسجد عثمان غنی گلی اور گردونواح میں گزشتہ60گھنٹوں سے بجلی غائب ہونے سے شہریوں کی مشکلات بڑھ گئیں،کیسکو کاسی روڈ فیڈر کے متعلقہ دفتر میں کئی مرتبہ جاکر شکایت کرنے کے باوجود بجلی بحال نہ ہوسکی شہریوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان،چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکواوردیگرمتعلقہ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے دیال باغ،مسجد عثمان غنی گلی اور گردونواح میں جمعہ کی سہ پہر سے بجلی غائب ہے کیسکو کاسی روڈ فیڈر کے متعلقہ دفتر میں جاکر کئی مرتبہ شکایت کرنے کے باوجود 60گھنٹے گزر گئے لیکن تاحال بجلی بحال نہ ہوسکی جب بھی متعلقہ دفتر میں صارفین جاتے ہیں انہیں کہاجاتا ہے ٹیم بھیج دی گئی ہے جلد ہی بجلی بحال کردی جائے گی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے علاقے کے صارفین کا کہنا ہے کہ سردی کے موسم میں گزشتہ 60گھنٹوں سے بجلی غائب ہونے سے ٹینکیوں میں پانی ختم ہوچکا ہے اور بجلی نہ ہونے سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیں لیکن کیسکو کے متعلقہ حکام کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔ صارفین نے وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی،چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو اوردیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کیسکو کاسی روڈ فیڈر کے متعلقہ عملے کا بجلی ٹھیک نہ کرنے کانوٹس لیکرانکے خلاف کارروائی کی جائے اور علاقے کی بجلی کی بحالی کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں بصورت دیگر شہری سخت احتجاج پر مجبور ہونگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں