اوستہ محمد ( عابدعلی) اوستا محمد میں میونسپل کارپوریشن کا بجٹ اجلاس برائے مالی سال 2025-26 ڈپٹی مئیر حاجی خان پلال کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مئیر میونسپل کارپوریشن اوستا محمد میر مظفر خان جمالی نے ایوان کے سامنے 54 کروڑ 47 لاکھ 11 ہزار 74 روپے کا بجٹ پیش کیا، جسے میونسپل کونسل نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔اجلاس کے دوران شہر کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اس موقع پر امن و امان سے متعلق ایک قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے تاکہ شہری بلا خوف و خطر اپنی روزمرہ زندگی گزار سکیں جبکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مئیر میر مظفر خان جمالی نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، تاکہ شہر کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں میونسپل کونسل کے اراکین نے بجٹ سمیت دیگر بلدیاتی امور پر اپنی تجاویز پیش کیں اور شہر کی مجموعی ترقی، عوامی فلاح اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کرنے پر زور دیا۔

