معروف صحافی عزیز لاسی اوتھل میں سپردِ خاک، ہزاروں افراد کی شرکت

لسبیلہ(بیوروچیف)گزشتہ شب وندر کے قریب پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے لسبیلہ اور حب کے معروف و سینئر صحافی، روزنامہ انتخاب کے بیورو چیف عزیز لاسی کو ان کے آبائی شہر اوتھل میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ مرحوم کا جنازہ موچی محلہ اوتھل میں ادا کیا گیا، جس میں سرکاری افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، صحافی برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔جنازے کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ عزیز لاسی کی صحافتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ حق اور سچ کی آواز بلند کی اور علاقائی مسائل کو اجاگر کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی صحافت دیانت، جرات اور عوامی خدمت کی مثال تھی۔صحافتی حلقوں کی جانب سے عزیز لاسی کی ناگہانی وفات کو لسبیلہ کی صحافت کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا گیا۔ مختلف صحافتی تنظیموں، سیاسی رہنماؤں اور سماجی شخصیات نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل دے۔ ان کی وفات کی خبر پھیلتے ہی پورے علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں