صوبہ میں جاری بجلی کے تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے،چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکوکی ہدایت

کوئٹہ(این این آئی)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر یوسف شاہ خان نے کہا ہے کہ صوبہ میں جاری بجلی کے تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے تاکہ صارفین کو مزید سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مستحکم وولٹیج کے ساتھ بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیسکو ہیڈ کوارٹرز میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف انجینئر (ٹیکنیکل) انجینئر مجیب الرحمن مری، چیف انجینئر (کسٹمر سروسز) مرزا اعزاز بیگ، چیف انجینئر (ٹرانسمیشن اینڈ گرڈ) انجینئر عادل عزیز، فنانس ڈائریکٹر محسن احسان، پراجیکٹ ڈائریکٹر (جی ایس سی) عبدالسلام مینگل، پراجیکٹ ڈائریکٹر (کنسٹرکشن) کلیم اللہ جوگیزئی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر انجینئر یوسف شاہ خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افسران کو سخت ہدایات جاری کیں کہ وفاقی اور صوبائی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے علاوہ کیسکو کے اپنے فنڈز سے چلنے والے تمام ترقیاتی کاموں کی رفتار میں تیزی لائی جائے اور ان کی بروقت تکمیل کو اولین ترجیح دی جائے۔ انھوں نے کہا کہ یہ منصوبے صوبے کے دور دراز علاقوں میں بجلی کی سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔انھوں نے مزیدکہا کہ یہ تمام منصوبے کیسکو کی جانب سے صوبے میں بجلی کے نظام کو جدید اور قابل اعتماد بنانے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے اور انکی تکمیل سے بلا شبہ صارفین کو ریلیف ملے گا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹر (جی ایس سی) نے بتایا کہ وفاقی پی ایس ڈی پی کے تحت 132 کے وی اورناچ اور واشک گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کا کام جون 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا، جن پر 2409ملین روپے تخمینہ لاگت آئی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ صوبائی پی ایس ڈی پی پاور پراجیکٹس کے تحت 132 کے وی بروشور، چمن ٹو، آواران، ڈیرہ اللہ یار اور ڈب خانزئی گرڈ اسٹیشن رواں سال کے اختتام تک مکمل کیے جائیں گے جبکہ 132 کے وی بلیدہ اور جھل جاؤ گرڈ اسٹیشن جون 2027 تک مکمل ہوں گے۔ صوبائی پی ایس ڈی پی پاور پراجیکٹس کے منصوبوں پر مجموعی طور پر 8710ملین روپے لاگت آئی ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کیسکو کے ذاتی فنڈ سے شروع کیا جانے والا منصوبہ کہ 132 ہزار گنجی گرڈ اسٹیشن کا تعمیر کا کام مکمل کیا جا چکاہے جبکہ 132kV صحبت پور گرڈ اسٹیشن کی توسیع و تجدید اور 132kV خضدار۔نال اور قلات۔سوراب ٹرانسمیشن لائنوں پر کام تیزی سے جاری ہے جو اس ماہ کے اختتام تک مکمل کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 132kV ڈبل سرکٹ ژوب ٹرانسمیشن لائن، 66 کے وی گنداخہ اور 66 کے وی سورینج گرڈ اسٹیشن کی 132kVمیں تبدیلی کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہیں جن کی تکمیل رواں سال کے دسمبر اور جون 2027 تک متوقع ہے۔اسی طرح کیسکوکے اپنے وسائل یعنی ترقیاتی فنڈزسے شروع کئے گئے منصوبوں پر مجموعی طورپر 4200ملین روپے لاگت آئی ہے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر کنسٹرکشن نے بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کو بتایا کہ کیسکو نے صوبے کے مختلف علاقوں میں ELR پروگرام اور DOP ڈپازٹ اسکیم کے تحت متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کر لیے ہیں، جن میں نئے 11 کے وی فیڈرز کی تنصیب، انٹرلنکنگ و شفٹنگ، 33 کے وی سب اسٹیشن کی 132 کے وی گرڈ اسٹیشن میں منتقلی، فیڈرز کی اپ گریڈیشن، اوورلوڈ فیڈرز کی بائی فرکیشن اور ری کنڈکٹرنگ شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئے ایچ ٹی کھمبوں کی تنصیب کے بعد ٹرانسفارمروں پر اضافی لوڈ میں نمایاں کمی آئی ہے اور ان منصوبوں پر کروڑوں روپے خرچ کیے گئے ہیں۔بعد ازاں چیف ایگزیکٹو آفیسر نے جاری بجلی کے ترقیاتی کاموں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں