کوئٹہ(این این آئی)پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میرلیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ ہم نے انتخابات کے دوران عوام سے جو وعدے کئے تھے انہیں انشاء اللہ ہر صورت پورا کریں گے حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے منگل کو اپنے دفتر میں ملاقات کرنے والے حلقہ انتخاب کے قبائلی عمائدین،عوامی نمائندوں اور مختلف وفود سے ملاقات کی دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات کے دوران وفود نے پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میرلیاقت لہڑی کو اپنے اپنے علاقوں کو درپیش بنیادی مسائل، بالخصوص ٹرانسپورٹ، سڑکوں، پانی، بجلی اور دیگر شہری سہولیات کی عدم فراہمی سے متعلق آگاہ کیا۔ میر لیاقت لہڑی نے تمام مسائل کو نہایت توجہ، سنجیدگی اور بردباری کے ساتھ سنا اور یقین دہانی کرائی کہ عوامی مشکلات کا ازالہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔میرلیاقت لہڑی نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام امور کو قواعد و ضوابط کے مطابق بروقت نمٹایا جائے۔ میر لیاقت لہڑی نے کہا کہ عوام کی خدمت ایک مقدس ذمہ داری ہے اور حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں اور شہریوں کے باہمی رابطے سے ہی مسائل کا مؤثر اور پائیدار حل ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام سے انتخابی مہم کے دوران جو وعدے کئے تھے انشاء اللہ انہیں ہرصورت پورا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حلقہ انتخاب میں اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے جس سے عوام مستفید ہونگے ترقیاتی کاموں میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

