تربت(این این آئی) ڈسٹرکٹ کونسل تربت میں حال ہی میں رمضان المبارک پیکج کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈسٹرکٹ چیئرمین میر اوتمان بلوچ نے کی۔ اجلاس میں اے ڈی سی تابش علی بلوچ سمیت تمام چیئرمین اور کونسلرز نے شرکت کی۔اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران غریب، نادار اور حقیقی مستحق خاندانوں کو راشن فراہم کرنے کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران تمام چیئرمین اور کونسلرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں مستحق افراد کی درست نشاندہی کریں اور ان کے نام فراہم کریں تاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں انہیں راشن مہیا کیا جا سکے۔اے ڈی سی تابش علی بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ رمضان پیکج محدود ہے، اس لیے اس کی تقسیم میں انتہائی احتیاط برتی جائے اور صرف ضرورت مند افراد کو ہی ترجیح دی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی صورت میں غیر مستحق افراد کو شامل نہ کیا جائے تاکہ حقیقی مستحقین کا حق ضائع نہ ہو۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ کونسل کے چیئرمین میر اوتمان بلوچ نے کہا کہ اس مرتبہ رمضان پیکج کی تقسیم کا طریقہ کار گزشتہ برسوں سے مختلف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں رمضان پیکیج صوبائی نمائندوں کے ذریعے تقسیم کیا جاتا رہا ہے، تاہم اس دفعہ یہ ذمہ داری مکمل طور پر ڈسٹرکٹ کونسل تربت خود ادا کر رہی ہے۔میر اوتمان بلوچ نے واضح کیا کہ ڈسٹرکٹ کونسل کی بھرپور کوشش ہے کہ رمضان پیکج صرف اور صرف مستحق اور نادار افراد تک پہنچے، تاکہ مقدس مہینے میں غریب خاندانوں کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔ انہوں نے تمام کونسلرز پر زور دیا کہ وہ امانت و دیانت کے ساتھ اس عمل کو یقینی بنائیں۔اجلاس کے اختتام پر رمضان پیکیج کی شفاف اور منصفانہ تقسیم کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور مستحقین کی فہرستیں جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔

