سبی(یو این اے)این جی اوز کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ کیلئے پروگریس ریویو اجلاس منعقدہوا کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض کی خصوصی ہدایات پر ضلع سبی میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور سماجی اقدامات کے جائزے کیلئے ایک جامع پروگریس ریویو اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سبی ڈویژن و فوکل پرسن کمشنر سبی ڈویژن برائے این جی اوز، امجد لاشاری نے کی اجلاس ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سبی کے دفتر میں منعقد ہوا اجلاس میں ضلع بھر میں کام کرنے ولے این جی اوز، سول سوسائٹی تنظیموں، ترقیاتی شراکت داروں اور سماجی کارکنان کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس کا بنیادی مقصد جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینا، مداخلتوں میں ممکنہ تکرار سے بچنا اسٹیک ہولڈرز کے درمیان رابطہ مضبوط بنانا اور مستحق طبقات تک شفاف اور مؤثر انداز میں خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔ شرکاء نے اپنے منصوبوں کے مقاصد، دورانیہ، جغرافیائی حدود، مستفید ہونے والوں کی تفصیلات،مالی و جسمانی پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ سمیت شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کیلئے منصوبہ جاتی دستاویزات اور ٹائم لائن بھی شیئر کی گئیں۔اجلاس کے دوران ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانے، معلومات کے تبادلہ کے نظام کو بہتر کرنے اور منصوبہ جاتی اہداف کو ضلعی ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ کرنے پر زور دیا گیا اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایک جامع پیش رفت رپورٹ مرتب کرکے کمشنر سبی ڈویژن کو ارسال کی جائے گی تاکہ این جی اوز کی سرگرمیوں کو مزید منظم اور مربوط بنایا جا سکے۔اجلاس کے آخر میں شرکاء تنظیموں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے رابطہ اجلاس مقامی انتظامیہ اور تنظیموں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی کیلئے نہایت اہم ہیں اور اس سے ترقیاتی سرگرمیوں کو معاشرے کے نادار او ر کمزور طبقات تک مؤثر انداز میں پہنچانے میں مدد ملے گی۔اجلاس میں ایسار اسلامک فاؤنڈیشن، شاہین ویلفیئر سوسائٹی، نیوٹریشن پروگرام، بینظیر نشوونما پروگرام، اسلامک ریلیف، ترقی فاؤنڈیشن، بی آر ایس پی، اوسس ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن، سبی انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، تعمیرِ خلق فاؤنڈیشن، شیراز ویلفیئر فاؤنڈیشن، سبی یوتھ اتحاد، زہرا فاؤنڈیشن، کاروانِ خدمت ویلفیئر سوسائٹی، اتحادِ مزدوراں ویلفیئر سوسائٹی، این سی ایچ ڈی، گرین سبی، ویب بلوچستان، ویس آرگنائزیشن اور آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس اس عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ ضلع سبی میں خدمات کی فراہمی، شفافیت اور اجتماعی اثر کو مزید بہتر بنانے کیلئے آئندہ بھی باقاعدہ رابطہ اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔

