خاران (نمائندہ خصوصی محمدعیسی محمدحسنی ) خاران میں مغوی تاجر کی بازیابی پر شٹرڈاؤن ہڑتال اور بازار چوک میں احتجاج جلسہ کا انعقاد کیا گیا تفصیلات کے مطابق انجمن تاجران خاران کی کال پر مغوی تاجر حاجی ابوبکر مزارزئی کی اغوا کے خلاف خاران بازار میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال رہی اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ بازار مکمل طور پر بند رہا اور تاجر برادری نے بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔مظاہرے سے انجمن تاجران خاران کے صدر شیخ منیر احمد جنرل سیکرٹری خلیل عالم کبدانی اور حاجی علی احمد مزارزئی نے خطاب کرتے ہوئے اغوا جیسے واقعات کی شدید مذمت کی اور کہا کہ تاجر برادری کسی بھی قسم کے دباؤ یا ہتھکنڈوں کے سامنے جھکنے والی نہیں۔احتجاج میں تاجروں سمیت ہر طبقۂ فکر نے شرکت کر کے ثابت کیا کہ تاجر برادری متحد، یکجا اور یکجان ہے۔احتجاج کے دوران حاجی ابوبکر مزارزئی کے اہلِ خانہ کو ان کی بازیابی کی خوشخبری موصول ہوئی، جس پر فضا میں اطمینان اور مسرت کی لہر دوڑ گئی۔ اسی موقع پر حاجی محمد ایوب مزارزئی نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تمام تاجران بالخصوص انجمن تاجران کی کابینہ کا شکریہ ادا کیا۔آخر میں مولانا مجیب الرحمٰن ساسولی نے دعا خیر کرائی۔اس اہم مسئلے پر ہم تمام طبقۂ فکر خصوصاً صوبائی وزیر میر شعیب نوشیروانی، واجہ ثناء بلوچ، ڈپٹی کمشنر منیر احمد سرمرو ڈی آئی جی رخشان رینج عبدالحی بلوچ، ایس پی خاران عبدالسلام کاکڑ، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او خاران کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ایک بڑا مسلہ خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہوا اور تاجر برادری کی یکجہتی رنگ لائی

