کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ ڈویژن کے صدر سردار خیرمحمدترین اور صفاء کوئٹہ کے ایریا منیجر سید عتیق آغا کی قیادت میں ہفتہ کو میزان چوک سے ”صفائی آگاہی مہم“ کے سلسلے میں میزان چوک سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی لیاقت بازار، جناح روڈ، منان چوک، قندھاری بازار سے ہوتے ہوئی لیاقت بازار میں جاکر ختم ہوئی ریلی کے شرکاء سے پیپلز پارٹی کوئٹہ ڈویژن کے صدرسردار خیرمحمدترین،صفاء کوئٹہ کے ایریا منیجر سید عتیق آغا،سید ایوب آغا،نعمت اللہ،اکبر خان ترین،زبیر خان بڑیچ،داد محمد، ڈاکٹر عبیدکاکڑ،احسان اللہ افغان، جیلانی شاد اوردیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ شہر ہم سب کا مشترکہ گھر ہے جس کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں،دکانداروں کو بھی چاہئے کہ وہ کچرہ جگہ جگہ پھینکنے کی بجائے مخصوص مقامات پر جمع کریں تاکہ اسے بروقت اٹھاکر ٹھکانے لگایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ اسلام میں بھی صفائی کو نصف ایمان کا درجہ دیا گیا ہے ہمیں چاہئے کہ کوئٹہ اور اپنے گلی کوچوں کوصاف ستھرا رکھیں جس سے ماحول بھی بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں جگہ جگہ کچرہ پھینکنے سے نہ صرف شہر گندا ہوتا ہے بلکہ مختلف قسم کی بیماریوں کے پھیلنے کا بھی خطرہ رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاف ستھرا کوئٹہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کا خواب ہے جسے حقیقت میں بدلنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صفا کوئٹہ کا عملہ شہر کی صفائی اور کچرے کو ٹھکانے لگائے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلارہا ہے اورحکومت اور صفا کوئٹہ کی کوشش ہے کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جائے اس سلسلے میں شہریوں اور تاجروں کو بھی اپنا کرداراد اکرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں صفائی کے حوالے سے شعور اور آگاہی کی فراہمی کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ ڈویژن،صفا کوئٹہ،پی ڈی ایم اے،ڈی سی آفس کوئٹہ،مرکزی انجمن تاجران بلوچستان، میٹروپولیٹن کارپوریشن کے تعاون سے ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے ریلی کے انعقاد میں تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

