کوئٹہ(این این آئی) اراکین صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان اور میر زابد ریکی نے سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان سے ملاقات کی، جس میں متعلقہ علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ملاقات کے دوران دونوں معزز ممبران اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں میں جاری سڑکوں، عمارتوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی رفتار اور معیار پر تبادلہ خیال کیاانہوں نے اس امر پر زور دیا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کا جلد از جلد ازالہ ممکن ہو سکے اس موقع پر سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے معزز اراکین کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے بھر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور بیشتر منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہونے والے ہیں انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اگر کسی منصوبے میں تکنیکی مسائل یا دیگر رکاوٹیں درپیش ہیں تو انہیں فوری طور پر حل کیا جا رہا ہے تاکہ کام کی رفتار متاثر نہ ہو سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے کہا کہ محکمہ روزِ اول سے ہی صوبے کی ترقی اور انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کوشاں ہے ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت، سرکاری عمارات کی بہتری اور مواصلاتی نظام کی اپ گریڈیشن حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں انہوں نے مزید کہا کہ شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے موثر مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا گیا ہے ملاقات کے اختتام پر معزز ممبران اسمبلی نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون اور مسلسل رابطے کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے گا جس سے نہ صرف عوام کو سہولیات میسر آئیں گی بلکہ صوبے کی مجموعی ترقی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔

