خضدار(این این آئی) بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے سربراہ سابق سینیٹر و وفاقی میر اسرار اللہ زہری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر جھالاوان کی سیاسی جماعتیں این اے 256 کے ضمنی انتخاب پر مشترکہ امیدوار لائے تو مکمل حمایت کرینگے قومی اسمبلی کی نشست این اے 256 خضدار میں ضمنی انتخابات میں اگر جھالاوان میں وجود رکھنے والی تمام سیاسی جماعتیں باہمی مشاورت کے ذریعے کسی مشترکہ فیصلے پر متفق ہو جاتی ہیں تو بی این پی (عوامی) اس متفقہ رائے کا خیر مقدم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جھالاوان اور خضدار کے عوام خصوصاً نوجوان طبقے کے مفاد میں سیاسی ہم آہنگی ناگزیر ہے کیونکہ متفقہ فیصلہ ہی دیرپا امن و امان اور سیاسی استحکام کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھالاوان کی سیاسی جماعتوں کے داخلی فیصلے ان کا جمہوری حق ہیں تاہم اجتماعی مفاد کے پیش نظر مشترکہ حکمت عملی خطے میں سیاسی توازن اور امن کے قیام میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ باہمی احترام مشاورت اور اتفاق رائے ہی وہ راستہ ہے جس سے جھالاوان اور خضدار میں مثبت سیاسی ماحول کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

