فیلڈ مارشل عاصم منیر کی یو اے ای کے نائب حکمران سے ملاقات، سکیورٹی تعاون پر گفتگو

پاکستان فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ابو ظبی میں متحدہ عرب امارات کے نائب حکمران اور قومی سلامتی مشیر شیخ طحنون بن زاید ال نهيان سے ملاقات کی جس میں اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری، سکیورٹی اور خطے کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور دوطرفہ شراکت داری مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر گفتگو کی، خصوصاً اقتصادی اشتراک، سرمایہ کاری اور سکیورٹی تعاون پر خصوصی توجہ دی گئی۔

ملاقات کے علاقائی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مسلسل رابطے اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے دہائیوں سے پاکستان کی معیشت اور سکیورٹی کے لیے جاری سرمایہ کاری اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ تعاون دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور اماراتی قیادت نے پاکستان میں اقتصادی اور سماجی ترقی کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کیا ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ متحدہ عرب امارات کی سکیورٹی اور استحکام پاکستان کی اپنی سکیورٹی سے جڑا ہوا ہے، جو دونوں ممالک کے مضبوط اور دیرینہ سٹریٹجک تعلقات کا مظہر ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات مشترکہ کوششوں کے ذریعے باہمی شراکت داری کو تمام شعبوں میں مزید وسعت دیں گے، تاکہ دونوں برادر ممالک کے عوام کے مفادات کا تحفظ ہو اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ مل سکے۔

فیلڈ مارشل کا یہ دورہ ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نھیان نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جب کہ پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور متحدہ عرب امارات کے صدر نے گذشتہ ماہ ابوظبی میں ایک ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں