لسبیلہ(بیوروچیف حفیظ دانش) لسبیلہ کے ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل کی حدود میں واقع علاقے پپرانی میں زمین کے تنازع پر دو گروپوں کے درمیان ہونے والے تصادم کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہےریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ پپرانی کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب زمین کے تنازع نے شدت اختیار کر لی اور دونوں گروپوں کے افراد آمنے سامنے آ گئے۔ جھگڑے کے دوران لاٹھیوں اور دیگر اشیاء کے استعمال کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، جس کے باعث متعدد افراد زخمی ہوئے۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ایمبولینسوں کے ذریعے ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا۔ بعد ازاں شدید زخمی تین افراد کو مزید بہتر علاج کی غرض سے کراچی ٹراما سینٹر ریفر کر دیا گیا، جبکہ دیگر زخمیوں کو مقامی ہسپتال میں زیرِ علاج رکھا گیا ہےزخمیوں کی شناخت جان محمد، عبدالواحد، محمد اسماعیل، عطاء اللہ، بشیر احمد، محمد بخش، آصف علی، ماجد علی، جاوید علی اور محمد عثمان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق زخمیوں کا تعلق لسبیلہ کی شیخ اور صابرہ برادری سے بتایا جا رہا ہے۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو میں کر لیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ علاقے میں کشیدگی کے پیش نظر سیکیورٹی کے اضافی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔

