کوئٹہ(این این آئی) نائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان پارلیمانی سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی انجنیئر عبدالمجید بادینی نے کہا کہ ڈیرہ اللہ یار شہرکے وسط بمقام فوڈ گودام کی جگہ پر ریٹیل سبزی،فروٹ، گوشت اور مچھلی مارکیٹ کے قیام کے لیے 10 کروڑ 70 لاکھ روپے کا ٹینڈر ہو چکا ہے۔انشاء اللہ یہ عوامی فلاحی منصوبہ بہت جلد عملی شکل اختیار کرے گا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جعفرآباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے نہ صرف شہریوں کو معیاری اور سستی اشیائے خوردونوش کی سہولت فراہم ہو گا بلکہ مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہونگے۔اس سے قبل ایم پی اے جعفرآباد،نائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان و پارلیمانی سیکرٹری برائے ایس اینڈ جی اے ڈی بلوچستان انجینئر عبدالمجید بادینی نے لمز (LUMS)یونیورسٹی ڈیرہ مراد جمالی کیمپس کادورہ کیااور طلباء کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا۔انہوں نے میل اور فیمیل طلباء کے تعلیمی ٹورز اور یونیورسٹی کی دیگر ضروریات کے لیے10لاکھ روپے دینے کا اعلان کیایونیورسٹی بس کے مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یقین دلایا کہ ٹینڈر کے مسائل ختم ہو چکے ہیں اور اگلے 20 دن میں یونیورسٹی بس یونیورسٹی پہنچ جائے گی۔

