کوئٹہ(این این آئی)بارکھان کے علاقوں تنگ کاریز اور مرڑی میں انسدادِ دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے مشتبہ مقام کا گھیراؤ کیا تو ملزمان نے فورسز پر فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں چھ دہشت گرد مارے گئے۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے بعد علاقے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والے افراد امن و امان کی خراب صورتحال اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے رکھنی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔مزید تحقیقات جاری ہیں۔

