سبی (این این آئی)ڈائریکٹر ایجوکیشن بلوچستان میر محمد اختر کھیتران نے ضلع سبی میں جاری میٹرک کے سالانہ امتحانات کے مختلف مراکز کا اچانک دورہ کیا اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے موقع پر ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سبی عبدالستار لانگو، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن سبی عبدالنبی پیچوہا، ایجوکیشن آفیسر طارق الماس، محمد ارشاد مری، محمد سلیم کٹبار اور محمد جاوید بھی موجود تھے۔ڈائریکٹر ایجوکیشن نے گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی سکول سبی اور گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول سبی سمیت دیگر امتحانی سنٹروں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے امتحانی کمروں، سکیورٹی انتظامات، حاضری رجسٹر، سوالیہ پرچوں کی ترسیل اور نگرانی کے نظام کو باریک بینی سے چیک کیا اور مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر میر محمد اختر کھیتران نے امتحانی عملے اور سپرنٹنڈنٹس کو سختی سے ہدایت جاری کی کہ کسی بھی امیدوار کو امتحانی ہال میں موبائل فون یا کسی بھی قسم کا الیکٹرانک ڈیوائس لانے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نقل کی روک تھام اور شفاف امتحانی ماحول کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ امتحانی مراکز کے اندر اور اطراف میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کی جائے جبکہ سکیورٹی اہلکار اپنی ذمہ داریاں مستعدی سے انجام دیں تاکہ امتحانات پْرامن اور شفاف ماحول میں منعقد ہو سکیں۔ڈائریکٹر ایجوکیشن نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم امتحانات کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں اور طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر کامیابی کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہی اصل مقصد ہے۔

