کوئٹہ(این این آئی)درخواست گزار نے بتایا کہ ان کی والدہ کو ہر ماہ باقاعدگی سے بینوولنٹ فنڈ کی ادائیگی ہوتی تھی۔لیکن گزشتہ چھ ماہ سے یہ ادائیگی بغیر کسی وجہ کے روک دی گئی تھی۔انہوں نے متعدد بار متعلقہ محکمے سے رابطہ کیا لیکن کوئی شنوائی نہ ہو سکی۔بلآخر انہوں نے وفاقی محتسب کوئٹہ سے رجوع کیا اور متعلقہ محکمے کی عدم توجہی اور تاخیر کے خلاف درخواست دائر کی۔درخواست موصول ہوتے ہی وفاقی محتسب کوئٹہ نے بروقت انکوائری کا آغاز کیا اور متعلقہ محکمے کو طلب کر کے کیس کی فوری سماعت شروع کر دی۔سماعت کے دوران متعلقہ محکمہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔لہذا، وفاقی محتسب نے احکامات جاری کیے کہ درخواست گزار کی والدہ کا ماہانہ بینوولنٹ فنڈ جاری کر کے بقایاجات کی ادائیگی جلد کی جائے۔احکامات موصول ہوتے ہی متعلقہ محکمے نے درخواست گزار کی والدہ کا ماہانہ بینوولنٹ فنڈ جاری کر کے بقایاجات کی مد میں 79800 روپے ادا کر دیے۔اس بروقت اور منصفانہ فیصلے پر درخواست گزار نے وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا۔

