گوادر،محکمہ فشریز کی تعیناتیوں میں تاخیر، نوجوانوں میں شدید تشویش کا شکار ہوگئے

گوادر (این این آئی)ضلع گوادر کے بے روزگار نوجوانوں نے محکمہ فشریز میں بھرتیوں کے عمل میں تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انٹرویوز مکمل ہونے کے باوجود تعیناتیوں میں تاخیر فوری طور پر ختم کی جائے۔نوجوانوں کی جانب سے جاری کردہ ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ فشریز کی آسامیوں کے لیے دو مرتبہ باقاعدہ انٹرویوز منعقد کیے گئے، جن میں ضلع بھر سے امیدواروں نے شرکت کی۔ تاہم کئی ماہ گزرنے کے باوجود تاحال تقرری کے احکامات جاری نہیں کیے گئے، جس کے باعث امیدواروں میں بے چینی اور مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ گوادر ایک ساحلی ضلع ہونے کے ناطے ماہی گیری کے شعبے میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے، اور محکمہ فشریز یہاں کے نوجوانوں کے لیے روزگار کا ایک بڑا ذریعہ بن سکتا ہے۔ نوجوانوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے تمام تقاضے پورے کیے، ٹیسٹ اور انٹرویوز دیے، مگر نتائج اور تقرری کے حوالے سے خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔نوجوانوں نے مشیر فشریز، رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان، ڈائریکٹر جنرل فشریز اور دیگر متعلقہ حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور شفاف طریقے سے میرٹ پر تعیناتیوں کو یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تاخیر نہ صرف ان کے معاشی حالات کو متاثر کر رہی ہے بلکہ سرکاری نظام پر اعتماد کو بھی مجروح کر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ حکام نوجوانوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے سنجیدہ اقدامات کریں گے تاکہ ان کے مستقبل کو غیر یقینی صورتحال سے نکالا جا سکے۔سماجی حلقوں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ ساحلی پٹی کے نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر روزگار فراہم کیا جائے تاکہ بے روزگاری میں کمی آئے اور علاقے میں معاشی استحکام کو فروغ مل سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں