ڈیرہ اللہ یار (این این آئی) ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات سے نمٹنے کا واحد مؤثر حل شجرکاری ہے، درخت لگانے سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی لائی جا سکتی ہے بلکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے بھی تحفظ حاصل کیا جا سکتا ہے اور صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس جعفرآباد میں منعقدہ شجرکاری تقریب کے موقع پر پودا لگانے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین یونین کونسل مانجھوٹی میر مٹھا خان بادینی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی سمیت دیگر افسران اور علاقہ معتبرین بھی موجود تھے، ڈپٹی کمشنر خالد خان کا کہنا تھا کہ ضلع جعفرآباد میں شجرکاری مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ضلع بھر میں زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کے عمل کو وسعت دی جا رہی ہے تاکہ حکومت بلوچستان کے ویڑن کے مطابق سرسبز و شاداب ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں، تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر شجرکاری کو ترجیحی بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا اور ہر شہری کو چاہیے کہ وہ اس قومی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔ ان کا کہنا تھا کہ درخت ہمارے ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے، درجہ حرارت میں کمی لانے اور قدرتی آفات کے اثرات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ہمیں اجتماعی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ پودے لگانے اور ان کی نگہداشت کو یقینی بنانا ہو گا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ شجرکاری مہم کو محض رسمی کارروائی تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ لگائے گئے پودوں کی حفاظت اور آبیاری کا مؤثر نظام بھی بنایا جائے تاکہ یہ پودے تناور درخت بن کر ماحول کی بہتری میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جعفرآباد کو سرسبز بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور عوام کے تعاون سے اس مہم کو کامیاب بنایا جائے گا۔

