وانگ لیب آف انوویشن میں ڈیجیٹل لٹریسی کورسز کے اختتام پربیلہ میں پْروقار گریجویشن تقریب کا انعقاد

اوتھل (این این آئی)وانگ لیب آف انوویشن (WALI) میں تین ماہ پر مشتمل ڈیجیٹل لٹریسی پروگرام کی تکمیل پر ایک پْروقار گریجویشن تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں 20 طلبہ و طالبات کو اسناد سے نوازا گیا۔ کامیاب ہونے والوں میں 15 طالبات اور 5 طلباء شامل تھے۔تقریب میں طلبہ، والدین، اساتذہ اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کے دوران شرکاء کو بنیادی کمپیوٹر استعمال، ایم ایس آفس، انٹرنیٹ کا مؤثر اور محفوظ استعمال، جی میل اور گوگل ایپلیکیشنز، گرافک ڈیزائننگ، اور جدید ٹیکنالوجی مصنوعی ذہانت (AI) کے عملی استعمال کی جامع تربیت فراہم کی گئی۔ اس تربیتی پروگرام کا مقصد دیہی نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا اور انہیں ٹیکنالوجی کے مثبت و مؤثر استعمال کی جانب راغب کرنا تھا۔گریجویشن تقریب کے دوران طلبہ و طالبات نے اپنے تین ماہ کے تعلیمی سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے اپنے تجربات اور سیکھنے کے مراحل حاضرین کے ساتھ شیئر کیے۔ شرکاء نے اس پروگرام کو اپنی پیشہ ورانہ اور تعلیمی ترقی کی جانب اہم سنگِ میل قرار دیا۔تقریب کی ایک نمایاں خصوصیت والدین کی بھرپور شرکت تھی۔ بالخصوص طالبات کو سرٹیفکیٹس ان کے والدین کے ہاتھوں دلوانے کا اہتمام کیا گیا، جس سے نہ صرف تقریب کی وقعت میں اضافہ ہوا بلکہ والدین اور بچوں کے درمیان اعتماد اور حوصلہ افزائی کے جذبات بھی نمایاں ہوئے۔اس موقع پر وانگ لیب آف انوویشن کی ٹیم کے ارکان اسمہ علی، سید انور اور سلمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کا بنیادی مقصد پسماندہ اور دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو معیاری اور عملی ڈیجیٹل تعلیم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بدلتی ہوئی دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل مہارتیں آج کے دور میں نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہیں بلکہ نوجوانوں کو خوداعتمادی اور خود انحصاری کی راہ پر بھی گامزن کرتی ہیں۔مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وانگ لیب آف انوویشن مستقبل میں بھی ایسے معیاری اور عملی تربیتی پروگراموں کا سلسلہ جاری رکھے گا تاکہ نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑ کر انہیں ترقی کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔تقریب کے اختتام پر شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں اور کامیاب طلبہ و طالبات کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں