عوام کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ماہِ صیام کے دوران اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مصنوعی مہنگائی، گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گراں فروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ مارکیٹوں کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی ممکن ہو انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں تین لاکھ اٹھائیس ہزار مستحق خاندانوں کو خصوصی رمضان پیکج فراہم کیا جارہا ہے جس کا مقصد غریب اور کمزور طبقات کو مہنگائی کے اثرات سے محفوظ رکھنا اور انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس پیکج کی شفاف تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے آٹھ رکنی ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹیوں کے ذریعے مستحقین تک امداد پہنچائی جارہی ہے تاکہ حق دار افراد کو بروقت اور منصفانہ طریقے سے سہولت میسر آئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت رمضان المبارک کے دوران عوامی ریلیف کے اقدامات کو مزید مؤثر بنائے گی اور کسی بھی سطح پر غفلت یا بدانتظامی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر انہیں قیمتوں میں اضافے یا رمضان پیکج کی تقسیم سے متعلق کوئی شکایت ہو تو وہ وزیر اعلیٰ شکایت سیل سے فوری طور پر رابطہ کریں تاکہ شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جاسکے وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور رمضان المبارک میں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں