بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اپنے دیرینہ دوست نیتن یاہو سے ملنے 2 روزہ سرکاری دورے پر اسرائیل پہنچ گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا استقبال اسرائیل کے بین گوریون ایئرپورٹ پر ہم منصب نیتن یاہو نے کیا۔
مودی کے استقبال کے لیے اسرائیلی وزیراعظم کے ساتھ ہمراہ ان کی اہلیہ سارہ نیتن یاہو سمیت اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
اس موقع پر اسرائیلی فوجی بینڈ کی دھنیں بجتی رہیں، اسرائیل کا قومی ترانہ بجایا گیا اور نیتن یاہو نے مودی سے مخاطب ہو کر کہا کہ خوش آمدید، میرے دوست۔
بعد ازاں بھارتی وزیراعظم یروشلم روانہ ہوں گے جہاں وہ کنیسٹ (اسرائیلی پارلیمان) سے خطاب کریں گے۔
اس دورے کے دوران دو طرفہ تعلقات، دفاعی تعاون، تجارت اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت متوقع ہے۔
اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی، تجارتی اور معاشی معاہدے طے پانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ بھارت اور اسرائیل کے درمیان پینگیں مودی دور سے بڑھنا شروع ہوئیں ورنہ اس سے قبل دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے کبھی ایک دوسرے کے ملک کا دورہ نہیں کیا تھا۔
بھارتی وزیراعظم نے اسرائیل کا پہلا دورہ 4 تا 6 جولائی 2017 میں کیا تھا جو کسی بھی بھارتی وزیرِاعظم کا اسرائیل کا پہلا دورہ تھا۔
اسی طرح اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے بھارت کا سرکاری دورہ 14 سے 18 جنوری 2018 کے دوران کیا جو کسی بھی اسرائیلی وزیرِاعظم کا بھارت کا پہلا دورہ تھا۔
واضح رہے کہ مودی نے غزہ پر اسرائیلی بمباری اور جارحیت کے خلاف کبھی آواز بلند نہیں کی بلکہ درپردہ صیہونی ریاست کی مدد کی ہے۔

