ژوب میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 10 خوارج جہنم واصل

راولپنڈی : بلوچستان کے ضلع ژوب میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرکے 10 خارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے 24 فروری کو انڈین پراکسی، فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے شرپسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ژوب میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر مؤثر طریقے سے کارروائی کی، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 خوارج مارے گئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے فتنہ الہندستان کے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جو علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے ہندوستانی سپانسر شدہ خارجیوں کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن مسلسل جاری ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز اور پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے ویژن ’عزمِ استحکام ‘ کے تحت انسداد دہشت گردی کی مسلسل مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں