عوام اورحب کی ترقی و خوشحالی کیلئے پہلے سے زیادہ محنت کریں گے۔ میر علی حسن زہری

حب ( رپورٹر) حلقہ پی بی 21 حب میں دوبارہ گنتی کے عمل کے بعد بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے پر میر علی حسن زہری نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے اسے حب کے عوام کی تاریخی فتح قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں میر علی حسن زہری نے کہا کہ یہ کامیابی کسی ایک فرد کی نہیں بلکہ حب کے باشعور عوام کے اعتماد، حوصلے اور حق کے ساتھ کھڑے ہونے کا نتیجہ ہے۔ عوام نے منفی پروپیگنڈے اور بے بنیاد الزامات کو مسترد کر کے ثابت کر دیا کہ وہ ترقی، خدمت اور دیانت کی سیاست کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھوتانی برادران نے ذاتی مفادات کی خاطر ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹیں ڈالنے اور مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی مگر حب کے لوگوں نے ایسے تمام حربے ناکام بنا دیے۔ عوام اب اچھے اور برے کی پہچان رکھتے ہیں اور وہی فیصلہ کرتے ہیں جو حلقہ اور آنے والی نسلوں کے مفاد میں ہو۔ 2024 کے الیکشن میں بھی عوام نے حق و سچ کا ساتھ دیا اور ہمیں بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا تھا لیکنبھوتانی برادران کو عوام کی جیت ہضم نہیں ہوئی اورہماری یقینی فتح کو منفی ہتھکنڈوں اور سازشوں کے ذریعے بدلنے کی ناکام کوششیں کیں جن میں انہیں ہر بار منہ کی کھانا پڑی اور اعلیٰ اداروں نے ایک مرتبہ پھر ہماری جیت پر مہر ثبت کر دی۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ انہوں نے انتخاب سے قبل بھی اور کامیابی کے بعد بھی دن رات محنت کر کے حب کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے عوامی کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ حب کے لئے میگا پروجیکٹس منظور کرائے اور انہیں پایہ تکمیل تک بھی پہنچایا۔ صحت، تعلیم، پینے کے صاف پانی، سیوریج نظام، سڑکوں اور گلیوں کی مرمت، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی، روزگار کے مواقع، کھیلوں کی سہولیات اور خواتین و بچوں کے لیے بنیادی اقدامات اسی عزم کا حصہ ہیں۔ آج حب کی گلیاں روشن ہیں اور شہری خود کو زیادہ محفوظ اور باوقار محسوس کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعض افراد کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کو روکنے کے لیے مختلف قانونی و غیر قانونی راستے اختیار کیے گئے، مگر ہر مرحلے پر حق اور عوامی مینڈیٹ کی فتح ہوئی۔ یہ فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ خدمت کی سیاست ہی دیرپا ہوتی ہے۔میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت، صدر آصف علی زرداری کی مدبرانہ رہنمائی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ولولہ انگیز قیادت میں حب کی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ حب ماسٹر پلان کے تحت شہر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے مزید منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بلا رنگ و نسل و تعصب حب کے ہر شہری خواہ بزرگ ہوں یا نوجوان، خواتین ہوں یا بچے، سب کی خدمت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں اور عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے پہلے سے زیادہ محنت کریں گے۔آخر میں انہوں نے اپنی شریک حیات سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری، جیالے ورکروں، میر علی اصغر زہری، محمد شریف پالاری، میر علی نواز زہری،میر علی اکبر زہری سمیت ضلع حب کے تمام پارٹی رہنماؤں، ہزاروں پارٹی ورکروں، سیاسی و قبائلی عمائدین خاص کر حب کے عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہر قدم پر ان کا ساتھ دیا اور ہماری ہمت بندھائے رکھی۔ انہوں نے ایک بار پھر عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی دراصل عوام کی جیت ہے، اور ان شاء اللہ حب کو ایک روشن، ترقی یافتہ اور خوشحال ضلع بنانے کا سفر اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں