نجی سیکیورٹی ادارے موجودہ حالات میں امن و امان کے قیام،سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں مؤثر کردار ادا کر رہے،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر

کوئٹہ+اسلام آباد(این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے لیفٹیننٹ کموڈور (ر) محمد اسد قریشی، چیف ایگزیکٹو آفیسر کی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب میں معزز مہمانوں، کاروباری شخصیات اور سیکیورٹی شعبے سے وابستہ افراد بھی شریک تھے اس موقع پر سی ای او لیفٹیننٹ کموڈور (ر) محمد اسد قریشی نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ملکی استحکام و ترقی کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے ادارے کی کارکردگی کو ملک کے لیے نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ نجی سیکیورٹی ادارے موجودہ حالات میں امن و امان کے قیام اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ مہارت اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ حکمتِ عملی کے ذریعے سیکیورٹی کے مسائل میں بہتری ممکن ہوئی ہے۔ انہوں نے سی ای او اور ان کی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ایوانِ بالا کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔اس موقع پر محمد اسد قریشی نے اپنی کمپنی PIFFERS Security Services (Pvt) Ltd کے کردار، طریقہ کار اور کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی پاکستان میں رجسٹرڈ ایک مستند اور معتبر سیکیورٹی ادارہ ہے جس نے اپنے قیام کے آغاز ہی سے سیکیورٹی مینجمنٹ کے میدان میں جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ حکمتِ عملی کو اپناتے ہوئے نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ادارے کی تیز رفتار ترقی، مسلسل بہتری اور مستحکم ساکھ اس کے منظم اور تخصصی نظامِ کار کا نتیجہ ہے۔ بدلتے ہوئے سیکیورٹی ماحول اور دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کمپنی خطرات کے درست ادراک اور بروقت عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ پیشہ ورانہ طرزِ عمل کے ذریعے آپریشنل معیار کو یقینی بنایا جاتا ہے جبکہ مؤثر نگرانی اور کارکردگی کے مسلسل جائزے کے لیے جدید نظام اپنایا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ادارہ پیشہ ورانہ مہارت، رازداری اور اعتماد کو اپنی خدمات کا بنیادی ستون سمجھتا ہے۔تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور باہمی طور پر مفید اور دیرپا پیشہ ورانہ تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں