کراچی (اسٹاف رپورٹر) سماجی رہنما اور ایم اے بی ٹرانسپورٹ کمپنی کے چیئرمین ملک آصف کی قیادت میں افغانستان کی جانب سے مبینہ سرحدی خلاف ورزیوں اور پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کے خلاف پاک فوج کی جانب سے شروع کیے گئے معرکۂ غضبُ الحق کی حمایت میں ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی۔ ریلی بلوچ کالونی پل سے شروع ہو کر شارع فیصل اور صدر ٹاؤن سے گزرتی ہوئی کراچی پریس کلب تک پہنچی، جہاں شرکاء نے اجتماع کیا۔
ریلی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور افواجِ پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے ملکی سلامتی اور خودمختاری کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک آصف نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ چار دہائیوں کے دوران افغانستان کے عوام کی ہر ممکن مدد کی، مگر اس کے باوجود پاکستان کو دہشت گردی کا سامنا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم پاکستان کی مسلح افواج ہر چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دشمن کو ہر محاذ پر مؤثر جواب دیا جائے گا۔
ریلی کے اختتام پر ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

