عوام شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لین،ڈپٹی کمشنر چاغی جہانزیب نورشاہوانی

چاغی (این این آئی) ڈپٹی کمشنر چاغی جہانزیب نور شاہوانی نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس ڈی سی آفس میں پودا لگا کر ضلع بھر میں شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حاجی اسد اللہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر جنگلات عبدالقادر جمالی نے بھی پودے لگا کر مہم میں عملی شرکت کی۔افتتاحی تقریب کے دوران محکمہ جنگلات کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع چاغی میں مجموعی طور پر ہزاروں پودے تقسیم کیے جائیں گے جبکہ وسیع پیمانے پر شجرکاری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں، سرکاری دفاتر، رہائشی علاقوں اور مقامی زمینداروں کو مفت پودے فراہم کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کو فروغ دیا جا سکے اور ماحول کو سرسبز بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر جہانزیب نور شاہوانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع چاغی بلوچستان کے گرین بیلٹ میں شمار ہوتا ہے اور یہاں پانی کی دستیابی کے باعث شجرکاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نہروں کی پشتوں، اسکولوں، مدارس، سرکاری دفاتر اور رہائشی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر علاقے کو سرسبز و شاداب بنایا جائے گا، تاکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی، موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کا تدارک اور قدرتی حسن میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔تقریب کے اختتام پر شہریوں، طلبہ اور سماجی حلقوں سے اپیل کی گئی کہ وہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور لگائے گئے پودوں کی نگہداشت کو یقینی بنائیں تاکہ یہ قومی فریضہ مستقل ثمرات دے سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں