چاغی (این این آئی) ریکوڈک اسکالرشپ پروگرام کے فاؤنڈیشن سمسٹر میں داخلہ لینے والے ضلع چاغی کے 53 طلبہ و طالبات کے لیے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس میں ایک پروقار اورینٹیشن سیشن منعقد ہوا۔ تقریب کو ریکوڈک مائننگ کمپنی اور جامعہ کے مابین تعلیمی تعاون کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔وائس چانسلر و پراجیکٹ ہیڈ پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ نے اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ موقع ان کی تعلیمی و پیشہ ورانہ زندگی میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ محنت، نظم و ضبط اور مستقل مزاجی کو اپنا شعار بنائیں تاکہ اس پروگرام سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔فیکلٹی آف سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی (FSIT) کے ڈین اور پراجیکٹ کوآرڈینیٹر پروفیسر ڈاکٹر شیر محمد داؤدپوتا نے اپنے خطاب میں کہا کہ کامیابی کے لیے تسلسل اور توجہ بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے صرف کریں۔ڈائریکٹر کیریئر ڈیولپمنٹ سینٹر و پراجیکٹ فوکل پرسن قاضی عبد الواحد نے چھ ماہ پر مشتمل فاؤنڈیشن سمسٹر کے تعلیمی ڈھانچے، طلبہ معاونتی خدمات اور کیمپس کی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور یقین دہانی کرائی کہ طلبہ کو سازگار تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے گا۔سیشن کے اختتام پر پروگرام کوآرڈینیٹرز ڈاکٹر کاشف حسین اور ڈاکٹر راشد حسین عباسی نے کورس آؤٹ لائن، اساتذہ کی مہارت، امتحانی نظام اور تعلیمی تقاضوں پر روشنی ڈالی۔تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سکھر آئی بی اے یونیورسٹی اور ریکوڈک مائننگ کمپنی باصلاحیت نوجوانوں کی تعلیم و تربیت، انہیں بااختیار بنانے اور معیاری تعلیم کے ذریعے پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھیں گے۔

