قلعہ سیف اللہ سیکٹر میں دراندازی ناکام، افغان چوکیوں پر گولہ باری، کئی ہلاک

لاہور، اسلام آباد، پشاور(این این آئی) افغانستان کی جارحیت کے بعد شروع ہونے والا آپریشن غضب للحق جاری ہے، سیف اللہ سیکٹر میں دراندازی ناکام بنا دی گئی۔سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت سے دہشتگردوں کی تشکیل کو موثر انداز میں نشانہ بنایا، متعدد دہشت گرد ہلاک ہو گئے، پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کی نقل وحرکت پرکڑی نگرانی جاری ہے۔سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ افغان طالبان رجیم کو بلا اشتعال جارحیت کے خلاف بھرپور اور موثر جواب دیا جارہا ہے، پاک فوج نے میرانشاہ کے قریب افغان طالبان کے پوسٹ ٹاور کو انتہائی مہارت سے تباہ کر دیا ہے۔ادھر اعظم وارسک سیکٹرمیں افغان طالبان کی شاگاپوسٹ کو مکمل طور پر تباہ کر دیاگیا، ضلع خیبر میں وادی تیراہ سے پاک فوج نے افغانستان کے علاقہ دوربابا میں افغان پوسٹ پر گولہ باری کی جس کے نتیجے میں 2 اہم طالبان کمانڈرز سمیت 4 افراد مارے گئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع خیبر کی وادی تیراہ سے سرحد پار افغانستان کے علاقے دوربابا میں افغان طالبان کے ایک مرکز (دوربابا) کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں چار افراد مارے گئے۔ذرائع کے مطابق گولہ باری میں مارے جانے والوں میں دو اہم طالبان کمانڈرز بسم اللہ اور رستم شامل ہیں، جبکہ دو دیگر افراد افغان طالبان کے رضاکار تھے۔سکیورٹی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران دوربابا میں قائم افغان پوسٹ(دوربابا مرکز) بھی تباہ ہوگئی، کارروائی مخصوص اہداف کے خلاف کی گئی، واقعہ کے بعد سرحدی علاقوں میں کشیدگی بڑھ گئی اور سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن غضب للحق تاحال جاری ہے اور اپنے اہداف حاصل ہونے تک جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں