شہری قومی اتحاد و یکجہتی کا عملی مظاہرہ کریں سید امداد شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پنجابی پختون اتحاد نے بروز اتوار یومِ دفاعِ پاکستان بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کراچی کے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تنظیم کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ ریلیاں ملکی خودمختاری، قومی سلامتی اور دفاعِ وطن کے عزم کی تجدید کے لیے منعقد کی جائیں گی۔منتظمین کے مطابق ریلیوں میں علماء و مشائخ، طلبہ، سماجی و سیاسی شخصیات اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے شرکاء قومی پرچم اٹھا کر افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کریں گے اور ملک کے استحکام کے حق میں نعرے بلند کریں گے۔
پنجابی پختون اتحاد کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ علاقائی کشیدگی کو محض دو مسلمان ممالک کے درمیان تنازع قرار دینا درست تجزیہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاستِ پاکستان شدت پسند عناصر خصوصاً تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خلاف قومی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا ردِعمل ملکی دفاع اور قیامِ امن کے تناظر میں ہے۔بیان میں اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی گئی کہ پڑوسی ملک افغانستان کی سرزمین بعض مواقع پر پاکستان مخالف عناصر کی سرگرمیوں کے حوالے سے زیرِ بحث آتی رہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور برادرانہ تعلقات کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ کسی بھی ملک کی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے دی جائے۔پنجابی پختون اتحاد کے صدرسید امداد شاہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ریلیوں میں بھرپور شرکت کر کے قومی اتحاد و یکجہتی کا عملی مظاہرہ کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام پروگرام قانون کے دائرے میں اور پُرامن انداز میں منعقد کیے جائیں گے۔امداد شاہ نے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ملکی سلامتی، استحکام اور کامیابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ پوری قوم دفاعِ وطن کے لیے متحد اور ثابت قدم ہے۔پاکستان پائندہ باد

اپنا تبصرہ بھیجیں