آیت اللہ علی خامنہ ای امریکی و اسرائیلی حملے میں شہید، ایران کی 27 مقامات پر حملوں سے نئی لہر شروع

تہران: ایرانی میڈیا نے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ کی شہادت کی تصدیق کر دی، انہیں دفتر میں فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید کیا گیا، ان کا بیٹا، بہو اور نواسی بھی شہید ہو گئے، اسرائیلی میڈیا نے ایران کے 40 سے زیادہ حکام قتل کرنے کا دعویٰ کیا ہے، ایران نے 27 امریکی اسرائیلی اہداف پر حملوں کی نئی لہر شروع کر دی۔

1989 سے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو امریکی و اسرائیلی حملے میں اس وقت قتل کیا گیا جب وہ اپنے دفتر میں اپنے فرائض منصبی انجام دے رہے تھے، ایرانی حکومت نے ان کی شہادت پر سات روزہ تعطیل اور چالیس روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، ایران نے خامنہ ای کی شہادت کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ اسرائیلی اور امریکی اڈوں پر حملوں کی نئی لہر شروع کی جائے گی۔

خیال رہے کہ آیت اللہ خامنہ ای نے آخری خطاب میں آخری دعا مانگی تھی کہ یااللہ مجھے شہادت نصیب فرما، یاللہ مجھے شہدا کے ساتھ رکھنا۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے محل پر اسرائیل اور امریکا نے 30 بم گرائے، امریکا اور اسرائیل نے حملے کے لیے انتظار کیا تاکہ اعلیٰ مشیران کو بھی ایک ہی جگہ نشانہ بنایا جا سکے، امریکی و اسرائیلی انٹیلی جنس نے تین اہم اجلاسوں کے بعد دن کے وقت حملہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

آیت اللہ اعرافی عارضی طور پر سپریم لیڈر

ایرانی میڈیا کے مطابق آیت اللہ علی رضا اعرافی لیڈر شپ کونسل کے جیورسٹ ممبر کے طور پر نامزد کر دیئے گئے۔

ایرانی میڈیا کےمطابق آیت اللّٰہ علی رضا اعرافی کو قیادت کونسل کے فقیہ مقرر کر دیا گیا، قیادت کونسل عارضی طور پر سپریم لیڈر کے فرائض انجام دے گی۔

تین رکنی کونسل میں علی رضا اعرافی ایرانی صدر اورعدلیہ کے سربراہ کے ساتھ لیڈرشپ کونسل شامل ہیں۔

اسرائیل کے براڈ کاسٹنگ کمپلیکس پر حملے

اسرائیل نے تہران میں ایرانی براڈکاسٹنگ کمپلیکس کے قریب خوفناک حملے کیے حالانکہ جنگوں میں بھی نشریاتی اداروں پر حملہ ممنوع ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق تہران میں سید خاندان،قصر انٹرسیکشن،واناک اسکوائر پر میزائل اور فضائی حملے ہوئے۔

سی آئی اے نے ایرانی قیادت کے اجتماع کا سراغ لگایا: امریکی میڈیا

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق ایران پر حملے سے کچھ دیر قبل امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے نے ممکنہ طور پر سب سے اہم ہدف آیت اللہ علی خامنہ ای کی درست نشاندہی کر لی تھی۔

آپریشن سے واقف ذرائع کے مطابق سی آئی اے کئی ماہ سے خامنہ ای کی نقل و حرکت اور قیام گاہوں پر نظر رکھے ہوئے تھی اور وقت کے ساتھ اس کی معلومات زیادہ مستند ہوتی گئیں۔

اسرائیلی فضائیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکا کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران ایک ہی دن میں ایران پر 1,200 سے زائد بم گرائے۔

دبئی پر میزائل حملوں میں مزید افراد زخمی

دبئی پر میزائل حملوں میں مزید افراد زخمی ہو گئے۔

دبئی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ڈرونز کا ملبہ دو گھروں کے صحن میں گرا، جس سے دو افراد زخمی ہوئے۔

اماراتی فضائی دفاعی نظام کے ذریعے ڈورنز مار گرائے گئے جبکہ زخمی افراد کو فوری طبی امداد فراہم کر دی گئی، زخمیوں کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔

ایرانی حملوں میں تل ابیب میں کم ازکم 40 عمارتوں کونقصان پہنچا: اسرائیلی میڈیا

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کے حملوں میں تل ابیب میں کم ازکم 40 عمارتوں کونقصان پہنچا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایرانی حملے کے باعث تل ابیب کے 200 سے زیادہ رہائشیوں کو ان کے گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

وزیر دفاع عزیز ناصر زادہ اور آرمی چیف عبدالرحیم موسوی کی شہادت کی تصدیق

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے تصدیق کی ہے کہ ہفتے کے روز ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں ایرانی وزیر دفاع عزیز ناصر زادہ اور فوج کے چیف آف سٹاف عبدالرحمیم موسوی شہید ہو گئے۔

ایرانی حکام کے مطابق ان حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای، ان کے سیکیورٹی مشیر علی شمخانی اور پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کے سربراہ محمد پاکپور بھی نشانہ بن گئے۔

اسرائیل میں ایک خاتون ہلاک، 120زخمی

آج صبح جب ایران نے بیلسٹک میزائل فائر کیے تو اسرائیل بھر میں ایئر ریڈ سائرن دوبارہ بجنے لگے، ان میں سے بیشتر کو اسرائیل کے فضائی دفاعی نظام نے مار گرایا۔

کچھ میزائل تل ابیب میں جا کر لگے جہاں ایک خاتون ہلاک ہو گئی ہیں، اس کے علاوہ کم از کم 20 سے 22 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں بیشتر معمولی زخمی ہیں جبکہ چند کی حالت نازک ہے۔

اسرائیل میں اب تک 121 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

امریکا اسرائیل کا مقصد لوٹ مار ہے: علی لاریجانی

ایرانی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے اعلان کیا ہے کہ آج ہی عارضی قیادت کونسل قائم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل ایران کو لوٹنے اور منتشر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، علیحدگی پسند گروپوں نے انتشار پھیلانے کی کوشش کی تو سخت جواب دیا جائے گا، علی خامنہ ای نے مشکل وقت میں بھی سادہ زندگی پر اصرار کیا۔

انہوں نے کہا کہ استعماری طاقتیں جب بھی کسی ملک میں داخل ہوتی ہیں،مقصد وسائل کو لوٹنا ہوتاہے،امریکا میں اقتدار پر بیٹھا شخص اسی لوٹ مار کی ذہنیت کی مکمل علامت ہے۔۔

پاسدارانِ انقلاب کا 27 امریکی اڈوں اور اسرائیلی فوج کے ہیڈ کوارٹر پر حملوں کا دعویٰ

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق امریکی اور اسرائیلی حملوں میں رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد پاسدارانِ انقلاب نے ردِ عمل میں حملوں کی چھٹی لہر شروع کر دی ہے۔

بیان کے مطابق آئی جی آر سی نے اسرائیل اور خطے میں امریکی فوجی اڈوں پر وسیع پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں اور 27 امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

اس کے علاوہ اسرائیل کے تل نووف ایئر بیس، تل ابیب میں اسرائیلی فوج کے کمانڈ ہیڈکوارٹر ہا کیریا اور ایک بڑے دفاعی صنعتی کمپلیکس کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب نے مزید کہا کہ ’اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج مقبوضہ علاقوں اور امریکی اڈوں میں خطرے کی گھنٹی کی آواز کو خاموش نہیں ہونے دیں گی۔‘

ٹرمپ کی پھر دھمکی

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر دھمکی دے دی، ٹرمپ نے کہا کہ ایران اگر جوابی حملہ کرے گا تو ہم پوری طاقت سے جواب دیں گے۔

ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران نے حملہ کیا تو امریکی فورس غیر معمولی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، ایران کے لیے بہتر ہو گا اگر حملہ نہ کرے۔

میناب میں سکول پر حملے میں شہادتوں کی تعداد 148 ہو گئی

ایرانی شہر میناب میں لڑکیوں کے سکول پر امریکی اسرائیلی حملے میں شہادتوں کی تعداد 148 ہو گئی، امریکی اسرائیلی اسکول حملے میں 95 افراد شدید زخمی ہوئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی اسرائیلی سکول حملے میں 85 طالبات شہید ہوئیں۔

برطانوی وزیراعظم کا ایران کے خلاف حملوں میں شرکت کا اعلان

اپنے ایک بیان میں سر کیئر اسٹارمر نے کہا کہ برطانوی طیارے مشرق وسطیٰ میں آسمان میں موجود ہیں اور برطانیہ بھی ایران کے خلاف جنگ میں شریک ہوگیا ہے۔

برطانوی وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ برطانوی طیارے مربوط علاقائی دفاعی آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں ،ضروری ہے کہ کشیدگی کو کم کرکے مذاکرات کی طرف لوٹا جائے ۔

دوحہ اور منامہ میں دھماکے

دوحہ اور منامہ میں نئے دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں ہیں، وسطی اسرائیل میں بھی سائرن بج رہے ہیں۔

’عراقی مزاحمت‘ نے امریکی اڈوں پر حملے شروع کر دیے

ایرانی حکومت کے قریبی خبر رساں اداروں نے اطلاع دی ہے کہ ’عراقی مزاحمت نے عراقی کردستان میں امریکی اڈوں پر اپنے حملے شروع کر دیے ہیں، کردستان کے دارالحکومت اربیل کے ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

اسنا نیوز ایجنسی نے ایک ویڈیو بھی شائع کی ہے جس میں عراقی شہر اربیل میں دھوئیں کا بادل بلند ہوتا ہوا دکھایا گیا ہے۔

بریگیڈیئر جنرل احمد واحدی پاسداران انقلاب کے نئے کمانڈر مقرر

بریگیڈیئر جنرل احمد واحدی پاسداران انقلاب کے نئےکمانڈر ان چیف مقرر کردیے گئے۔

اسرائیلی نے ایران پر حملے میں پاسداران انقلاب کے چیف کو مارنےکا دعویٰ کیا تھا تاہم ایرانی حکام کی جانب سے ان کی شہادت کی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔

جنگ کا دوسرا روز

سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر خاص علی شمخانی شہید ہو گئے ہیں، ایرانی میڈیا نے معاون محمد شیرازی کی شہادت کی بھی تصدیق کر دی، کمانڈر پاسداران انقلاب پاکپور بھی نہیں رہے۔

یہ خبر پڑھیں: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس، ایران پر حملے کی مذمت

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جنگ کے دوسرے روز بھی دھماکے سنے گئے ہیں، عراق کے اربیل ہوائی اڈے کے قریب بھی دھماکے ہوئے ہیں، دبئی میں ایک بار پھر دھماکے سنے گئے ہیں، ایک روز پہلے بھی دبئی میں مختلف مقامات نشانہ بنے تھے، دبئی حکومت کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایرانی حملے کے بعد چار افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد عراقی دارالحکومت بغداد میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے، بٖغداد کےگرین زون میں مشتعل افراد اور پولیس کی جھڑپیں ہوئیں، گرین زون میں سرکاری عمارات، امریکی سفارتخانہ موجود ہے۔

اسرائیلی فضائیہ نے 30 سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا

اسرائیلی فوج نے کہا مغربی اور وسطی ایران میں 30 سے زیادہ اہداف پر حملے کیے ہیں۔

لڑاکا طیاروں نے مغربی اور وسطی ایران میں بیلسٹک میزائل نظام اورفضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا، اسرائیل کے مطابق کچھ دیر پہلے حملوں کی ایک اور لہر مکمل کی ہے۔

عراق اور شام کی فضاؤں میں ایک بار پھر امریکا اوراسرائیل کے طیاروں کی نقل وحرکت دیکھی گئی۔

خامنہ ای کی شہادت عظیم جرم ہے: مسعود پزشکیان

ایرانی صدر نے کہا ہے کہ رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت ایک عظیم جرم ہے، ذمہ داران کو بھرپور جواب دیا جائے گا، سپریم لیڈر کے قتل کو اسلامی دنیا کی تاریخ کا اہم اور فیصلہ کن موڑ ثابت ہو گا، خون رائیگاں نہیں جائے گا اور ذمہ دار عناصر کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے: مزاحمت کی علامت آیت اللہ علی خامنہ ای

انہوں نے کہا کہ امریکا اور صہیونی قوتوں کو اس اقدام کی قیمت چکانا ہوگی، قومی اتحاد اور عوامی حمایت سے مضبوط ردعمل دیا جائے گا، مجرموں اور منصوبہ سازوں کو اپنے اقدام پر پچھتانا پڑے گا، اسلامی دنیا اس واقعہ کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

علم ہے خامنہ ای کے بعد کون احکامات جاری کر رہا ہے، امریکی صدر

امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئے ایرانی رہنما کا نام ظاہر کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ کچھ اچھے امیدوار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام کیلئے بڑا موقع ہے، وہ ملک کو واپس حاصل کریں، خامنہ ای کی موت ایرانی عوام اور دنیا کیلئے انصاف ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاسداران انقلاب سمیت دیگر ایرانی فورسز لڑائی نہیں چاہتیں، اب وہ استثنیٰ حاصل کر سکتے ہیں، بعد میں صرف موت ملے گی، اہداف کے حصول تک ایران پر بمباری جاری رہے گی۔

ایرانی فوج کا سپریم لیڈر خامنہ ای کی شہادت کا بدلہ لینے کا اعلان

ایرانی فوج نے سپریم لیڈر سید آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کا بدلہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جارح کو سزا دی جائے گی، آیت اللہ خامنہ ای کے قاتلوں سے سخت اور فیصلہ کن انتقام لیں گے، ملک میں جارحیت کرنے والوں کو سخت سزائیں دیں گے۔

سپریم لیڈر کی شہادت پر ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کا بدلہ بہت جلد لیا جائے گا، وہ دیکھ لیں گے کہ انہوں نے کیا کیا ہے۔

دوسری جانب سپریم لیڈر کی شہادت کے بعد قومی سلامتی کے مشیر علی لاریجانی کو ان کا جانشین مقرر کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

امریکی اسرائیلی حملوں میں 201 ایرانی شہید، 747 زخمی

واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے مل کر ایران پر حملہ کیا ہے جس میں اب تک ایران میں 86 بچیوں سمیت 201 سے زیادہ ایرانی شہری شہید ہو چکے ہیں، امریکا اور اسرائیل نے 24 صوبوں میں مختلف مقامات پر میزائل داغے جن میں 747 شہری زخمی بھی ہوئے جبکہ اسرائیلی و امریکی میڈیا کی جانب سے ایران کے 40 سے زیادہ حکام کو قتل کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

دوسری طرف ایران نے امریکی و اسرائیلی جارحیت کے بعد اسرائیل اور خلیجی ممالک میں موجود 14 امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانا شروع کیا ہے جس میں سپریم لیڈر کی شہادت کے بعد تیزی آئے گی۔

امریکا کے 70 شہروں سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں احتجاج

ایران پر امریکی اسرائیلی حملوں کے خلاف امریکاکے70شہروں سمیت دنیا کےمختلف حصوں میں احتجاج شروع ہو گیا، ایران پرمشترکہ حملوں کےایک گھنٹےبعدہی امریکامیں مظاہرین سڑکوں پرنکل آئے۔

نیویارک، بوسٹن، لاس اینجلس اورواشنگٹن ڈی سی میں مظاہرین نے بھرپوراحتجاج کیا، جنگ مخالف اورفلسطین کےحق میں نعرے لگائے۔

پہلے روز ایرانی ردعمل

قطری وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ایرانی حملوں میں 16 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ یو اے ای میں حملے کے دوران ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

اسرائیلی میڈیا نے کہا ہے کہ اسرائیل پر ایرانی میزائل حملوں میں 1 شخص ہلاک،121 زخمی ہوئے ہیں۔

اماراتی وزارت دفاع کی جانب سے رہائشیوں کے موبائل فونز پر سکیورٹی الرٹ بھیجا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ رہائشی فوری طور پر شیلٹر میں چلے جائیں، ایران کے 132 میزائلوں کو تباہ، 195 ڈرونز کو گرا دیا گیا۔

اماراتی وزارت دفاع کے مطابق ڈرون کو تباہ کرنے کے دوران برج العرب ہوٹل کے العرب ہوٹل کے بیرونی حصے میں محدود آگ بھڑک اٹھی تھی جس پر قابو پا لیا گیا، جبکہ دبئی ایئر پورٹ پر میزائل حملے میں 4 افراد زخمی ہوئے۔

عرب میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کے خلاف بحرین کا فضائی دفاعی نظام متحرک ہوگیا، بحرین کے فضائی نظام نے ایران کے 5 میزائل فضا میں تباہ کر دیے۔

قطر کے دارالخلافہ دوحہ میں درجنوں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، دوحہ میں تقریباً 15 سے 20 الگ الگ دھماکے ہوئے، قطری وزارت داخلہ کے مطابق ایرانی حملے میں 8 افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

تل ابیب میں ایرانی حملے کے بعد متعدد عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی، یروشلم میں کئی عمارتیں ایرانی حملوں کا نشانہ بنیں، اسرائیل نے اپنے شہریوں کو زیر زمین بنکرز میں رہنے کی ہدایت کر دی۔

ایرانی حملوں کے بعد اسرائیل میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، سکول اور اسرائیلی فضائی حدود بھی بند کر دی گئی، اسرائیلی فوجی حکام کا کہنا ہے ایرانی حملوں کو روکنے کیلئے دفاعی نظام فعال ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر کے صاحبزادے اور بہو سمیت اعلیٰ ایرانی قیادت شہید

ایرانی سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای کے صاحبزادے اور بہو بھی شہید ہو گئے، سپریم لیڈر کے مشیر علی شمخانی بھی شہید ہو گئے ہیں، جبکہ ایرانی وزیر دفاع امیر ناصر زادہ اور پاسداران انقلاب کے کمانڈر محمد پاکپور بھی امریکی و اسرائیلی حملوں میں شہید ہو چکے ہیں، ایران کے جنرل حسین سلامی، محمد باقری اور بسیج فورس کے 3 اہلکاروں کے شہید ہونے کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق صدر مسعود پزشکیان کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، ایرانی آرمی چیف امیر حاتمی بھی محفوظ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں