ایران سے پانچ طلبہ سمیت51پاکستانی شہری واپس پاکستان پہنچ گئے

گوادر (این این آئی) پاک ایران سرحدی صورتحال, ایران سے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا عمل تیز، پانچ طلبہ سمیت 51 پاکستانی شہری گبد بارڈر اور ریمدان بارڈر کے راستے بحفاظت پاکستان پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق اسرائیل اور امریکہ کے درمیان حالیہ کشیدگی اور جنگی صورتحال کے بعد ایران میں موجود پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا عمل باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔ سرحدی علاقوں میں ہنگامی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ واپس آنے والے افراد کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔ابتدائی مرحلے میں ایران میں پھنسے ہوئے پانچ طلبہ سمیت 51 پاکستانی شہری گبد بارڈر اور ریمدان بارڈر کے راستے بحفاظت پاکستان پہنچ گئے۔ حکام کے مطابق وطن واپس آنے والوں میں طلبہ، کاروباری شخصیات اور سیاح شامل ہیں جو ایران کے مختلف شہروں میں مقیم تھے اور حالیہ کشیدگی کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔سرحدی مقامات پر امیگریشن کے عمل کو تیز اور مؤثر بنانے کے لیے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے 24 گھنٹے امیگریشن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے بھی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرتے ہوئے سرحدی علاقوں میں عارضی رہائش، کھانے پینے کی اشیاء اور بنیادی طبی سہولیات فراہم کی ہیں۔ مزید برآں، اندرونِ ملک اپنے آبائی شہروں تک پہنچنے کے لیے مسافروں کو سفری سہولیات اور ٹرانسپورٹ کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق ایران میں موجود دیگر پاکستانی شہریوں سے رابطہ جاری ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید انخلاء کا عمل بھی مرحلہ وار جاری رکھا جائے گا۔ حکومت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ متعلقہ پاکستانی سفارتی مشنز سے رابطے میں رہیں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔سرحدی حکام کا کہنا ہے کہ حالات کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں جبکہ وطن واپس آنے والے افراد نے ضلعی انتطامیہ کے بروقت اقدامات کو سراہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں