مارخور 11 کی ٹی زیڈ اسپورٹس کے خلاف شاندار فتح

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) فیلکن رمضان کرکٹ لیگ سیزن فور کے سنسنی خیز مقابلے میں مارخور 11 نے ٹی زیڈ اسپورٹس کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ٹی زیڈ اسپورٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 70 رنز اسکور کیے۔ انزار 27 اور محمد 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔جواب میں مارخور 11 نے ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ عظیم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 47 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔میچ کے موقع پر مہمانِ خصوصی احمد چوہان، شیخ ساجد کریم اور سردار کامران ترین نے کہا کہ نوجوان نسل کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں پر بھی بھرپور توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند زندگی کے لیے کھیل نہایت ضروری ہیں اور جسمانی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل کے میدان آباد ہوں گے تو ہسپتال ویران ہوں گے۔ مقررین نے مزید کہا کہ شہر کی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کا کردار نہایت اہم ہے اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے معاشرے کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں