کوئٹہ(این این آئی)پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سیاست کا بنیادی مقصد عوام کی بلا رنگ ونسل خدمت ہے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، موجودہ حالات میں سیاسی کارکنان کا کردار انتہائی اہم ہے اور پارٹی کو گراس روٹ سطح پر مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کی آواز ایوانوں تک مؤثر انداز میں پہنچائی جا سکے۔یہ بات انہوں نے پیر کو لہڑی ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کرنے والے پیپلزپارٹی کے کارکنوں اور سیاسی وقبائلی شخصیات سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات کے دوران علاقائی سیاسی صورتحال، پارٹی تنظیم سازی، عوامی مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پارلیمانی سیکرٹری میرلیاقت لہڑی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سیاست کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا حل ہے اورعوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے اور صوبے میں پہلی مرتبہ تمام حلقوں میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی فنڈز فراہم کئے گئے ہیں جس سے عوام کے مسائل حل کرنے میں مددمل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ انتخاب سمیت پورے صوبے میں اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پرتیزی سے کام جاری ہے جن کی تکمیل سے عوام کوسہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں سیاسی کارکنان کا کردار انتہائی اہم ہے اور پارٹی کو گراس روٹ سطح پر مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کی آواز ایوانوں تک مؤثر انداز میں پہنچائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی عمل کو تیز کرنے، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اپنائی جائے گی۔ میر لیاقت لہڑی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی کارکنان اور عوام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے اور ہر فورم پر اپنے حلقے کے مفادات کا بھرپور دفاع کریں گے۔

