عمران خان تک رسائی کے لیے عظمیٰ خان کا اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی کی بہن عظمیٰ خان نے عمران خان تک رسائی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عظمیٰ خان نے ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کر کے ان کے طبی معائنے اور علاج کے دوران اُن تک رسائی دی جائے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق فوری اور بروقت معلومات فراہم کی جائیں۔ بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ ان کی پسند کے ڈاکٹرز سے کروانے کا انتظام کیا جائے۔ ڈاکٹر خرم مرزا، ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر ثمینہ نیازی کو طبی معائنے میں شامل کیا جائے ۔

عظمیٰ خان کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بلڈ ٹیسٹ کروائے جائیں اور علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے۔ دوران حراست اور علاج کے دوران معالجین، اہلِ خانہ اور وکلا کو بانی پی ٹی آئی تک مسلسل رسائی فراہم کی جائے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی گزشتہ 3 ماہ کی بلڈ ٹیسٹ، آئی ٹیسٹ اور تشخیصی رپورٹس سمیت مکمل طبی رپورٹس فراہم کی جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں