کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما، سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اور چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے قبائلی رہنما اور جھالاوان عوامی پینل کے سربراہ میر شفیق الرحمان کی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیا ہے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جھالاوان میں پارٹی کو مزید فعال بنانے اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 256 خضدار کے ضمنی انتخاب میں میر شفیق الرحمان کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنا ایک مثبت اور بروقت فیصلہ ہے پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ پارٹی قیادت کے فیصلوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے تمام کارکنان اور رہنما این اے 256 کی نشست پر میر شفیق الرحمان کی کامیابی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے اور انتخابی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے متحد ہو کر کام کریں گے انہوں نے کہا کہ میر شفیق الرحمان کی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت سے جھالاوان اور خضدار میں پارٹی مزید مضبوط اور منظم ہوگی سابق وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے میر شفیق الرحمان کو پیپلز پارٹی میں شمولیت اور پارٹی ٹکٹ ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

