قبائلی رہنما میر شفیق الرحمان مینگل کی پیپلز پارٹی میں شمولیت خوش آئند فیصلہ ہے، ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار حاجی صلاح الدین زہری

خضدار (این این آئی)ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار حاجی صلاح الدین زہری نے جھالاوان عوامی پینل کے سربراہ میر شفیق الرحمان مینگل کی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ میر شفیق الرحمان مینگل نے وڈھ اور خضدار میں مثبت اور تعمیری سیاست کو فروغ دیا اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ میر شفیق الرحمان مینگل نے جھالاوان عوامی پینل کے پلیٹ فارم سے اپنے حلقے کے عوام اور ساتھیوں کی بھرپور خدمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 256 سے انتخاب میں حصہ لینے کے بعد وہ جھالاوان کے عوام کی خدمت کو مزید مؤثر اور بہتر انداز میں جاری رکھ سکیں گے ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار حاجی صلاح الدین زہری نے کہا کہ میر شفیق الرحمان مینگل کا ملک گیر سیاسی جماعت میں شامل ہونے کا فیصلہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ قومی سطح پر اپنے علاقے اور جھالاوان کے غیور عوام کی آواز مؤثر انداز میں اٹھانا چاہتے ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے فعال کردار ادا کریں گے انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کے فیصلوں کے مطابق این اے 256 میں میر شفیق الرحمان مینگل کی کامیابی کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان بھرپور کردار ادا کریں گے اور انہیں کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں